کاروار :17؍اپریل(ایس اؤ نیوز) ڈکیتی ، چوری ، لوٹ مار جیسے معاملات میں گذشتہ 25برسوں سے مفرور ملزم کا پتہ لگا کر گرفتار کرنےمیں سداپور پولس کامیاب ہوگئی ہے۔
سداپور تعلقہ ہارسی کٹا دیہات کے کملاکر نارائن کوڈیا(54) نامی ملزم سال1996اور 1998کے فسادات، چوری اور ڈکیتی کے معاملات میں ملزم گردانا گیاتھا۔ملزم کملا کر نائی کے پیشے سے وابستہ بتایا گیا ہے۔ اپنے نام پر درج ہوئے مقدمات میں عدالت سے ضمانت حاصل کرنےکے بعد ملزم کملاکر گذشتہ 25برسوں سے عدالت میں حاضری نہ دیتے ہوئے فرار ہوگیا تھا۔ پولس ذرائع کے مطابق وہ سداپور سے فرار ہوکر ممبئی، منگلورو ،سُلیا وغیرہ مقامات پرقیام کرتاتھا۔ 16اپریل 2021کو سداپور پولس کو پتہ چلا کہ ملزم کملاکر کورگ ضلع کے پونم بیٹ کی شیوا کالونی میں رہائش پذیر ہے۔ پولس نے فوری کارروائی کی اور ملزم کملاکر کو گرفتار کرلیا۔
کملاکر کے خلاف سداپور پولس تھانے میں کل 21کیس درج ہوئے ہیں۔ جن میں سے 1ڈکیتی ، 1چوری ، لوٹ مار ،فساد اور دیگر 19کیس شامل ہیں۔ ان سبھی معاملات کی سداپور عدالت میں سنوائی جاری تھی جس کے دوران ضمانت ملنے پر کملاکر فرار ہوگیا تھا۔ اترکنڑا ضلع ایس پی شیو پرکاش دیوراج ، ایڈیشنل ایس پی بدری ناتھ، سرسی زون ڈی وائی ایس پی روی ڈی نائک کی رہنمائی میں سداپور پولس انسپکٹر این مہیش کی قیادت میں یہ گرفتاری عمل میں آئی ہے۔